سردار تنویر الیاس کی عمران خان سے ملاقات،ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

19 مارچ ، 2023

لاہور (اپنے نامہ نگار سے)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں اہم ملاقات ہوئی جس میں ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزراء حکومت چوہدری مقبول گجر، حافظ حامد رضا، چوہدری محمد اکمل سرگالہ، علی شان سونی، چوہدری اکبر ابراہیم،پارلیمانی سیکریٹری جاوید بٹ، معاون خصوصی راجہ سبیل، ترجمان وزیراعظم آزادکشمیر توصیف عباسی اور عمر شہزاد بھی شامل تھے ۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویرالیاس خان نے پی ٹی آئی قیادت پر جعلی اور بے بنیاد مقدموں کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا عمل ملک میں سیاسی استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں تحریک انصاف آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی اور کشمیری عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی مذاکراتی عمل ہو تو پی ٹی آئی کو اس کا حصہ بننا چاہیے ۔ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے،انتخابات ناگزیر ہیں تمام سیاسی پارٹیاں ملکی مفادات کے پیش نظر مذاکرات کریں تاکہ ملک میں معاشی استحکام پیدا ہو ۔ اس موقع پر عمران خان نے تحریک انصاف کی آزادکشمیر کی حکومتی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ بطور وزیراعظم کشمیریوں کی سفارتی سطح پر بھرپور آواز بلند کی اور ہر سفارتی محاذ پر کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہاکہ جب تک مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں بہن بھائیوں کو ان کا حق خودارادیت مل نہیںجاتا پاکستان کے لوگ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم سردار تنویرالیاس خان کو بلدیاتی انتخابات میں شاندار جیت پر مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی۔