چینی وفد کی وزیرتجارت سے ملاقات، پاکستان میں صنعتی پارک بنانے کی تجویز

19 مارچ ، 2023

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) چینی فرم پاکستان میں انڈسٹریل پارک قائم کرنے کیلئے کوشاں، انڈسٹریل پارک چین اور پاکستان کی تمام صنعتی ضروریات کے لیے ایک مرکز کے طور پر کام کریگا۔ گوادر پرو کے مطابق چین کے چیئرمین شان ڈونگ شن شو گروپ کارپوریشن ہو جیان شنکی قیادت میں چین کے ایک تجارتی وفد نے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمرسے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ہو جیان شن نے وزیر کو بتایا کہ چینی صنعت کو پاکستان منتقل کرنے کے صوبہ شان ڈونگ کی حکومت کے فیصلے کے مطابق وہ پاکستان میں ایک صنعتی پارک بنانے کی تجویزلے کر آئے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق چیئرمین نے کہا کہ مستقبل میں سرمایہ کاری کیلئے سولر پینلز اسمبلی پلانٹ، میٹل ریفائننگ پلانٹس، فرٹیلائزر پروڈکشن پلانٹ، فوڈ پروسیسنگ پلانٹس وغیرہ جیسے منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے۔سید نوید قمر نے شان ڈونگ حکومت کے اپنی صنعت کو پاکستان منتقل کرنے کے فیصلے کو سراہا،انہوں نے اپنے کاروبار پاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی رکھنے والی چینی فرموں سے جامع تجاویز طلب کرلی ہیں۔