سیاستدان مل بیٹھیں تو مسائل2ہفتوں میں حل ہو سکتے ہیں،حافظ حسین

19 مارچ ، 2023

اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی سینئر رہنما و سابق سینٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ملک میں ”انہونی“ ہو رہی ہے جسے درپردہ ”ہونی“ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے،عمران خان کو ملنے والا ریلیف ایک تسلسل ہے جو نواز شریف بھی حاصل کر چکے ہیں،لہٰذا ریلیف کے حوالے سے تو عمران اور نواز شریف کو لیول پلیئنگ فیلڈ مل چکی ہے ”جنگ“ سے بات چیت کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ جب ”شاخوں“ پر اور اقتدار کی کرسیوں پر ایسے لوگ ہوں گے تو انجام گلستاں کے بارے میں کسی پشین گوئی کی ضرورت نہیں،انہوں نے کہا میں نے سینٹ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر کہا تھا کہ جب لڑائی کے دنگل میں موجود ہونے کے باوجود ”ایکسٹینشن“ کے لئے سیاستدان اکٹھے ہو سکتے ہیں تو پھر یہ سیاستدان پارلیمانی جمہوریت کے مستقبل کے لئے اکٹھے کیوں نہیں ہو سکتے،سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ خود کو اہل ثابت کریں ابھی تک تو ہر کوئی سیاستدانوں کو نا اہل ثابت کرنے میں لگا ہوا ہے اگر سیاستدان مل بیٹھیں تو مسائل2ہفتوں میں حل ہو سکتے ہیں، ایوان بالا ملک کے خلاف ہر بلا کو ٹال سکتا ہے،ایوان بالا ہو یا ایوان زیریں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں اور آئین کی بالادستی ہی ملکی مسائل کا حل ہے۔