قبائلیوں کے حقوق پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، پروفیسر ابراہیم

19 مارچ ، 2023

میرانشاہ (نمائندہ جنگ )جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ قبائلیوں کے حقوق پر خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ ان کے حقوق کے حصول کیلئے جنگ لڑیں گے اس جدید دور میں قبائل کو ہر قسم کی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے بدقسمتی سے قبائلیوں کے ساتھ صرف وعدے کئے گئے سہولیات نہیں دی جارہی 100 ارب روپے دینے کا اعلان جوں کا توں ہے، اب تک ایک روپیہ بھی نہیں ملا ان خیالات کا اظہار انہوں میرانشاہ شمالی وزیرستان میں تحریک قبائلی حقوق سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تحریک حقوق قبائل کمیٹی کے چئیرمین شاہ فیصل آفریدی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نوید علی ،حاجی سردار خان,زرنور آفریدی ،الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری اکبر علی خان ،جماعت اسلامی شمالی وزیرستان کے امیر ملک نور پیاو خان ،صدر تحریک قبائلی حقوق ملک رحمن اللہ ,چیئرمین آل سیاسی پارٹی پارٹیز اتحاد مولانا رشید اللہ، ضلعی صدر یوتھ ملک امشاد اللہ ،نائب صدر یوتھ خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالرؤف قریشی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں امن کے نام پر آپریشنز کئے گئے مگر امن وامان کی صورت حال پہلے سے ابتر ہے قبائلیوں سے انتقام لینے کا سلسلہ جاری ہے پختونوں کو مختلف طریقوں سے نشانہ بنایا جارہا ہے کبھی وسائل کے نام پر تو کبھی امن و امان کے نام پر ان کا استحصال کیا جا رہا ہےانہوں نے کہا کہ قبائلیوں کو وہ سہولیات دی جائیں جو سہولیات اسلام آباد اور پنجاب کے رہائشیوں کو حاصل ہیں قبائلیوں کے حقوق کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے حکمرانوں کی جیبوں سے قبائلیوں کا حق نکالیں گے قبائل اب وہ قبائل نہیں بلکہ یہاں شعور آچکا ہے اتنی آسانی سے قبائلیوں کے حقوق ہضم نہیں کرسکتا انہوں نے کہاکہ ایک طرف ایف سی آر کا خاتمہ ہوا تو دوسری جانب قبائلی اضلاع کی صورت حال جوں کی توں ہے قبائلیوں پر ایف سی آر جیسا دوسرا قانون نافذ کیا جارہا ہے بدقسمتی سے قبائلی اضلاع میں جن آفیسرز کی ذمہ داری بنتی ہے ان کی ذمہ داریوں پر بھی کسی اور کا قبضہ ہے لیکن ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔