مردم شماری سے قبل الیکشن قبول نہیں، جے یو آئی

19 مارچ ، 2023

جمرود(نمائندہ جنگ)جب تک ملک میں مردم شماری کا عمل پورا نہ ہوتا تب تک حکومت ملک میں عام الیکشن نہ کرائے بصورت دیگر ہمیں یہ الیکشن قبول نہیں ہوگا، جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیتِ علماء اسلام کے رہنماء سید کبیر اور فاٹا قومی جرگہ کے صدر ملک بسم اللہ خان نے کہا کہ قبائلیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے لیکن پچھلی مردم شماری میں ہماری تعداد کو بہت کم دکھایا گیا جو ہمیں کسی صورت منظور نہیں کیونکہ یہ قبائلیوں کے ساتھ بے انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک میں اس وقت تک عام الیکشن نہ کرائیں جب تک رواں مردم شماری کا عمل پورا نہیں ہو جاتا۔سید کبیر نے کہا کہ قبائلیوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے بھی زیادہ لیکن پچھلی مردم شماری ہماری تعداد کو بہت کم دکھایا گیا جو ہمیں کسی صورت منظور نہیں کیونکہ یہ قبائیلوں کے ساتھ دھوکہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک میں مردم شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کرائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مردم شماری عمل مکمل ہونے سے پہلے الیکشن کیا تو پھر ہم نہ صرف اس اپلیکشن سے بائیکاٹ کرینگے بلکہ اس کے خلاف شدید احتجاج بھی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتی ہے جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے فاٹا انضمام سے پہلے ہمارے ساتھ جو وعدے کئے اس میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کرتی ہے ہم حکومت سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ کئے گئے وعدے پورا کریں اور ہمیں اپنا حق دیں۔