حکومت پر عوام کا عدم اعتماد فلاحی نظام کے قیام میں بڑی رکا وٹ

19 مارچ ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) حکومتی اداروں اور اہلیت پر عوام کے اعتماد کی کمی پاکستان میں زکوٰۃ پر مبنی فلاحی نظام کے قیام کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ،یہ بات انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیزکی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے ،اسلامک سوشل فنانس فار سوشل پروٹیکشن ان پاکستان، کے نام سے جاری رپورٹ کے مطابق اسلامی سماجی تحفظ کا نظام متعدد پائیدار ترقی کے اہداف کو پورا کرتا ہے اور سماجی اور اقتصادی زندگیوں میں لچک اور توازن پیدا کرنے کے لیے ایک بہترین ذریعہ کے طور پر کام کرتا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر قبلہ ایازنے حکومتی اداروں اور اہلیت پر عوام کے اعتماد کی کمی کو پاکستان میں زکوٰۃ پر مبنی فلاحی نظام کے قیام کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اعتماد پر مبنی بنیادیں پاکستان میں سماجی تحفظ کے مستقبل کی امید ہیں۔ محمد ارشد نے کہا کہ اداروں کی جانب سے ملکیت، اجتماعی کوشش اور عمل پر مبنی اقدامات کرنے کی خواہش قوموں کی کامیابی کی بنیاد ہے۔ خالد رحمٰن نے اس بات پر زور دیا کہ زندگی کے مجموعی نمونے کو متاثر کرنے والے مسائل کو علیحدگی میں زیر بحث نہیں لانا چاہیے، بلکہ ملک کو متاثر کرنے والے متعدد عوامل اور مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ایک جامع سہولت فراہم کرنے والا ماحول پیدا کیا جانا چاہیے۔