سندھ ہائیکورٹ، صوبے کی تمام سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑانے کا حکم

19 مارچ ، 2023

خیرپور (غلام عباس بھنبھرو)سندھ ہائی کورٹ نے محکمے جنگلات کی زمینوں پر قبضہ مافیا کے قبضے خالی کرانے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جسٹس صلاح الدین پہنور اور جسٹس عبدالمبین لاکھو نے کہا کہ وہ سندھ میں تمام سرکاری اراضی سے قبضہ مافیا کے قبضے چھڑانے کا حکم دیتے ہیں۔ جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا کہ محکمے جنگلات کی ہزاروں ایکڑ زمینوں پر قبضے ہیں کنزر ویٹر فاریسٹ جنگلات سے قبضے خالی کرانے کا پابند ہو گا۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے ججز جسٹس صلاح الدین پہنور اور جسٹس عبدالمبین لاکھو پر مشتمل ڈبل بینچ نے محکمے جنگلات کی زمینوں پر قبضہ مافیا کے غیر قانونی قبضے خالی کرانے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت میں متعدد افراد نے اپنے وکلاء سہیل احمد کھوسو اوردیگر کی معرفت عدالت میں پٹیشنز دائر کر کے محکمے جنگلات کی زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی کی تھی اور عدالت کو غیر قانونی قبضے خالی کرانے کی استدعا کی تھی۔ عدالت کے ججز نے ان پٹیشنز پر محکمے جنگلات کی زمینوں پر قبضے خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔ پٹیشنز سننے کے دوران جسٹس صلاح الدین پہنور نے رمارکس دیئے کہ سندھ میں محکمے جنگلات کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر قبضہ مافیا غیر قانونی قبضے کیے ہوئے ہے، قبضہ مافیا خیرپور کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی سرکاری زمینوں پر قابض ہے۔