عمران کے گھر پولیس آپریشن ہائیکورٹ احکامات کی خلاف ورزی ،پرویز الٰہی

19 مارچ ، 2023

لاہور(خصوصی رپورٹر)سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے زمان پارک میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز اور راناثناء اللہ فسطائیت کروا رہے ہیں، انہیں کوئی شرم و حیا نہیں، عمران خان کے گھر خواتین کا احترام بھی نہیں کیا گیا۔ عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خانم نے چودھری پرویزالٰہی کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہوں نے وارنٹ طلب کیا تو پولیس نے کوئی وارنٹ نہیں دکھایا اور ان کے شوہر اور بچوں کو بھی اٹھا کر لے گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں خودزمان پارک پہنچا تو یہاں پولیس نے جو ظلم و تشدد کیا وہ صاف نظر آ رہا تھا، یہاں تجاوزات کی کون سی ریڑھیاں یا سبزی کی دکانیں تھیں، میں اس کٹھ پتلی نگران حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ کیا کوئی فلسطین ہے یا مقبوضہ کشمیر جہاں دن دہاڑے گھروں میں گھس کر تشدد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے حکومت اور پولیس کاسب جھوٹ ننگا کر دیا، ہمیں اللہ اور اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کی امید ہے، انشاء اللہ عدالتیں ضرور انصاف دیں گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن بالکل بلاجواز تھا جو لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، نہتے کارکنوں اور ملازمین پر شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال انتہائی افسوسناک ہے، عمران خان کے گھر کا گیٹ کرین کے ذریعے توڑ کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نااہل حکمران انتقام کی آگ میں بالکل اندھے ہو چکے ہیں، اس نااہل ٹولے کے رہتے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی بالکل تباہ ہو چکی ہے۔