امجد پرویز اور خواجہ حارث نے پرانی یادیں تازہ کیں

19 مارچ ، 2023

اسلام آباد (بلال عباسی) جوڈیشل کمپلیکس پہنچنے پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے ایک دوسرے کے ساتھ پرانی یادیں تازہ کیں۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے خواجہ حارث ایڈووکیٹ سے کہا کہ آپ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ ایک وقت تھا آپ دونوں ایک سائیڈ سے اسی عدالت میں پیش ہوتے تھے، جس پر امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ اب بھی ہم ایک سائیڈ پر ہی ہیں، بس قانون کو پڑھنے کا انداز مختلف ہے، خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے کہا کہ بندوق کی نوک پر قانون پڑھنا اور بغیر بندوق کے قانون پڑھنے میں فرق تو ہوتا ہے، امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم دونوں کئی مہینوں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک احتساب عدالت میں دلائل دیا کرتے تھے۔ واضح رہے کہ پانامہ کیس میں خواجہ حارث نواز شریف جبکہ امجد پرویز مریم نواز کے وکیل ہوا کرتے تھے۔