تاریخی قرارداد منظور ،سندھ اورجارجیا میں سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ قائم

19 مارچ ، 2023

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) امریکی ریاست جارجیا کی قانون ساز اسمبلی میں صوبہ سندھ اور ریاست جارجیا کے درمیان "سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ" کے قیام کے حوالے سے تاریخی قرارداد منظور کی گئی ہے ۔ قرارداد ریاستی نمائندے نے پیش کی اور کہا کہ ریاست جارجیا اور صوبہ سندھ کے درمیان سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ باہمی تجارت کو فروغ دے گی۔ یہ قرارداد صوبہ سندھ اور ریاست جارجیا کے درمیان تعلیمی، ماحولیاتی اور ثقافتی تعلقات کے امکانات کو بڑھانے میں بھی مدد کرے گی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سندھ کی معیشت پاکستان کی دوسری بڑی معیشت ہے اور صنعتی شعبے کا ایک بڑا حصہ آباد ہے اور یہ ملک کی دو مصروف ترین تجارتی بندرگاہوں پر مشتمل ہے۔ صوبہ سندھ کو ساحلی رسائی حاصل ہے اور یہ پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کا ایک بڑا مرکز ہے،گیس، پیٹرول اور کوئلے کے قدرتی وسائل میں سب سے امیر صوبہ ہے، ریاست جارجیا کی مقننہ، جارجیا کے لوگوں کی جانب سے، صوبہ سندھ کے لوگوں کو جارجیا کے ساتھ 31 دسمبر 2026 تک سسٹر سٹیٹ کے تعلقات میں شامل ہونے کی دعوت دیتی ہے، تاکہ باہمی طور پر حوصلہ افزائی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔ دریں اثنا امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے ریاستی نمائندے فاروق مغل کو فون کرکے قرارداد پیش کرنے پر مبارکباد دی اور اس سلسلے میں ان کی کوششوں کو سراہا۔ پاکستان کے سفیر نے کہا کہ یہ تاریخی قرارداد دونوں فریقوں کے درمیان مضبوط اور قریبی تعلقات استوار کرنے میں معاون ثابت ہو گی اور پاکستان اور امریکہ کی سافٹ پاور کو پراجیکٹ کرنے میں مدد دے گی۔