مری ،شیخ رشید کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست خارج

19 مارچ ، 2023

مری (نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے مقدمہ میں سرکاری وکیل کی طرف سے منسوخی ضمانت کی درخواست سیشن جج مری عرفان نسیم نے خارج کر دی۔ شیخ رشید پر تھانہ مری میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کی ضمانت مری کے مجسٹریٹ ذیشان نے منظور کرلی تھی جس پر سرکاری وکیل نے منسوخی ضمانت کی درخواست سیشن کورٹ میں دائر کردی تھی جس کی گزشتہ روز سماعت ہوئی۔ اس موقع پر شیخ رشید بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ اس سے قبل مجسٹریٹ ذیشان کی عدالت سے ضمانت منظوری کے بعد سیشن جج عرفان نسیم کی عدالت میں منسوخی ضمانت کی درخواست پر عدالت میں شیخ رشید کے وکلاء سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ اور ماجد نور راجہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے سیشن جج مری عرفان نسیم نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد سرکاری وکیل کی طرف سے منسوخی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں شیخ رشید کے حامی اور وکلاء بھی موجود تھے۔