وفاقی حکومت کا وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیخلاف کارروائی پر غور

19 مارچ ، 2023

راولپنڈی(جنگ نیوز)وفاقی حکومت نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیخلاف کارروائی پر غور شروع کردیا۔ خالد خورشید کے خلاف کارروائی کےلیے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے۔وفاقی حکومت کے واضح احکامات کے باوجود گلگت بلتستان پولیس کے اہلکار عمران خان کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔ وفاقی حکومت نے عمران خان کے قافلے میں وزیراعلی گلگت بلتستان کےسرکاری پروٹوکول سمیت شامل ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وفاقی حکومت کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ جی بی سیاسی ریلیوں اور عدالت پیشیوں پر عمران خان کو سرکاری سیکیورٹی نہیں دے سکتے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ ، چیف سیکریٹری اور آئی جی گلگت بلتستان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔وفاقی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ وزیراعلیٰ خالد خورشید کی سیکیورٹی کو سیاسی مقاصد کےلیے استعمال ہونے سے روکا جائے۔