پرویز الٰہی کے بیٹے، بہوکی 10 ارب کی پراپرٹی وبینک اکائونٹس منجمد کرنے کاحکم

19 مارچ ، 2023

لاہور (آن لائن)ایڈیشنل سیشن جج لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدری چوہدری پرویز الٰہی کے خاندان کے متعدد افراد اور شریک ملزمان کی پراپرٹیز اور بینک اکائونٹس منجمد کر دئیے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خاندان کے ارکان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ایڈیشنل سیشن جج لاہور چوہدری غلام رسول کی عدالت نے پراپرٹیز اور بینک اکائونٹس منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام پراپرٹیز، بینک اکاونٹس ایف آئی اے کی درخواست اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر منجمد کیے، پراپرٹیز اور بینک اکائونٹس اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت منجمد کیے گئے ہیں۔فیصلے کے متن کے مطابق پراپرٹیز اور بینک اکائونٹس ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات مکمل ہونے تک منجمد رہیں گے، عدالت نے شریک ملزموں کے 22 بینک اکائونٹس منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے، بینک اکائونٹس میں تقریباً ساڑھے 3 ارب روپے بھیجے گئے ہیں۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کرپشن کا پیسہ مختلف بے نامی بینک اکائونٹس اور بے نامی کمپنیوں کے ذریعے لانڈر کیا گیا، گزشتہ دور میں چوہدری فیملی نے فرنٹ مینوں کے ذریعے منی لانڈرنگ سے اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔عدالت نے راسخ الٰہی اور ان کی اہلیہ کی اربوں روپے کی پراپرٹیز اور بینک اکائونٹس جبکہ مونس الٰہی کی اہلیہ کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل سیشن جج لاہور نے شریک ملزمان احمد فاران خان، محمد رشید، عامر سہیل اور ارشد اقبال کے بھی بینک اکائونٹس و پراپرٹیز منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے چوہدری برادارن کے فرنٹ مین قیصر اقبال بھٹی اور عابد احمد بھٹی کے بینک اکائونٹس جبکہ شریک ملزمان کی تقریباً 10 ارب روپے مالیت کی 17 ہزار 420 کنال اراضی منجمد کرنے کا حکم دیا ۔