کنٹینرز ہٹادیئے جائیں،انتظامیہ ، پولیس PTIکیساتھ بیٹھ کر بات کرے، وزیر اعلیٰ محسن نقوی

19 مارچ ، 2023

لاہور (جنرل رپورٹر، نیوز رپورٹر ، مانیٹرنگ سیل ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے لاہور کی سڑکوں سے فوری طور پر کنٹینرز ہٹانے کا حکم دے دیا۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو کسی بھی صورت پریشانی نہیں ہونی چاہیے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کی مقامی لیڈر شپ کے ساتھ بیٹھ کر زمان پارک کے شہریوں کے مسائل حل کرے اور کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے۔ دریں اثنا نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا دورہ کیا- وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مختلف شعبوں، ٹی بی لیب اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کا وزٹ کیا ،رورل ہیلتھ ایمبولینس سروس کے تحت 98 ایمبولینس کی چابیاں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر کو دیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے300 الٹراساؤنڈ مشین 24/7 بنیادی مراکز صحت کے سپرد کر دیں۔300 الٹراساؤنڈ مشین کے ذریعے رورل ہیلتھ سنٹرز میں الٹراساؤنڈ کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے 20 مارچ سے پنجاب بھر میں ہفتہ صحت منانے کا اعلان کیا۔ ہفتہ صحت کے دوران ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں، دیہی و بنیادی مراکز صحت میں عوام کی سکریننگ کی جائے گی۔ مفت طبی معائنے کیلئے خصوصی کیمپس لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈلیوری یونٹ (HISDU) اور ہیلتھ ریڈیو سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔ HISDU کی تعمیر کے بعد سرکاری ہسپتالوں کا نظام ڈیجیٹلائزڈ ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر فاروق احمد کو ایڈوانس لیب کا آئی ایس او سرٹیفکیشن دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کیلئے انیستھیزیا مینجمنٹ سسٹم اور پنجاب بھر کے2 ہزار بنیادی مراکز صحت کیلئے الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ پروگرام لانچ کیا ۔علاوہ ازیں و زیراعلیٰ آفس میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کے معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیئرمین داتا دربار مذہبی امور کمیٹی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارمعاہدے پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے لنگر خانے کے انتظام کو عالمی معیار کا بنایا جائے، لنگر کے معیار کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کے معاہدے کی سعادت حاصل ہوئی ہے، توسیع سے زائرین کے لئے سہولتوں میں اضافہ ہو گا۔