عمران کا فاشسٹ اور عسکریت پسند ہونا ظاہر ہوگیا، شہباز شریف، میرے پاس حاضر ہوکر میری حاضری لگوائی جائے، مریم نواز

19 مارچ ، 2023

لاہور،اسلام آباد،فیصل آباد (خصوصی نمائندہ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیاز ی واضح طور پر بھارتی انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کی پیروی کررہے ہیں، گزشتہ چند روز کی حرکتوں سے ان کا فاشسٹ اور عسکریت پسند ہونا ظاہرہوگیا۔ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو انسانی ڈھال بنانے سے لے کر پولیس پر پیٹرول بم حملوں اور عدلیہ کو دھمکانے کے لیے جتھوں کی قیادت تک عمران نیازی کا فاشسٹ اورعسکریت پسند ہونا ظاہر ہوگیا، مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے زمان پارک میں پولیس کارروائی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہا ہے کہ اگر ضمانت پارک میں صرف ایک خاتون موجود ہے تو پولیس پر اندر سے گولیاں اور پیٹرول بم کون برسا رہا ہے؟،یہ لوگ جھوٹ بولنے سے پہلے سوچتے بھی نہیں۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان کے ساتھ مریم نواز نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں عمران خان کی رہائشگاہ کے اندر سے ایک پیٹرول بم اہلکاروں کی جانب پھینکا جارہا ہے ۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ یہ ایک دہشتگرد جماعت ہے جس کے سرغنہ نے قانون اور سزا سے بچنے کے لیے شرپسند اور تربیت یافتہ دہشتگرد اپنے گھر میں رکھے ہوئے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ اب پتہ چلا کے جب سے اس دہشت گرد کو زبردستی سیاست میں گھسیڑا گیا، تب سے ملک فتنہ اور انتشار کا شکار کیوں ہے؟ لانے والے بھی اپنے بدترین انجام کو پہنچے، اس کی سیاست بھی رسوائی کے ساتھ اپنے اختتام کی جانب لڑھک رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی رہنمائوں اور سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ نہتے جدوجہد کی، قربانیاں دیں، پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کہنا یا عمران خان کو سیاسی لیڈرکہنا کئی دہائیوں پر پھیلی سیاسی کارکنوں کی جدوجہد کی تذلیل ہوگی ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان عدالتی نوٹس کو بھی خاطر میں نہیں لائے،انھیں الیکشن کمیشن بھی نااہل قرار دے چکا ہے،توشہ خانہ کیس پیسوں کی جانچ پڑتال کا مقدمہ ہے ، لاہور کے زمان پارک کو نوگوایریا بنانے کی کوشش کی گئی ، جوڈیشل کمپلیکس کے باہر عمران خان گاڑی میں بیٹھ کر کارکنوں کو اداروں کے خلاف اکسا رہا تھا۔ عمران خان چور ہے ، رسیدیں پیش کرنا ہونگی۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر عمران خان کی ہدایت پر مسلح جتھوں نے پولیس پر حملہ کیا، عمران خان بزدل آدمی ہے ،تحریک انصاف عسکری ونگ کے ساتھ دہشت گرد جماعت بن چکی ہے۔ لیگی رہنما و طلال چوہدری نے کہا عمران خان نے بزدلی کی انتہا کر کے سیاستدانوں پہ دھبہ لگا دیا ۔پولیس عدالت کے سرچ وارنٹ لیکر جائے تو پتھروں، غلیلوں اور پٹرول بمبوں سے پولیس پر حملہ کروا تا ہے ،پولیس پر ڈنڈے اور پتھر برسا نے والے کو دہشت گرد ناں کہیں تو اور کیا کہیں ، جن لوگوں کا دامن صاف ہو وہ عدالتوں میں پیش ہونے سے نہیں گھبراتے لیکن عمران خان توشہ خانہ اور لوٹ مار کا حسا ب دینے اور قانون کا سامنا کرنے کی بجائے عورتوں بچوں اور کارکنوں کو ڈھال بنا رکھا ہے، کبھی لاشوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ریاست پر حملہ کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جانی چاہئے۔ عمران خان کی طرح تمام لوگوں نے جتھے اکٹھے کرنے شروع کر دیئے تو نظام گر جائے گا۔ ،وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ لاقانونیت ہوگی تو قانون حرکت میں آئے گا،زمان پارک میں پولیس کارروائی کا ایک پس منظر ہے،انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جاری کردہ سرچ وارنٹس پر پولیس نے عمل کیا ۔ ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ ہم تفتیش نہیں روک سکتے ،جرم سنگین ہے، اس کی تفتیش ہونی ہے ، نگران حکومت نے امن و امان کے قیام کے لئے درست فیصلہ لیا ہے تو اس پر چیخنے کی ضرورت نہیں۔