رمضان پیکج ،پنجاب ،خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں آٹے کی مفت فراہمی شروع اسلام آ باد(نیوز رپورٹر،اے پی پی) وزیراعظم

19 مارچ ، 2023

شہباز شریف کی ہدایت پرخصوصی رمضان پیکج پر عمل درآمد کا آغاز کر دیاگیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطا بق صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں آٹے کی مفت فراہمی شروع کر دی گئی ۔ تمام غریب خاندانوں کو رمضان المبارک میں مفت آٹا ملے گا ۔ 25 شعبان سے 25 رمضان تک ہر غریب خاندان کو آٹے کے تین تھیلے ملیں گے۔ وزیراعظم نے 25 شعبان سے رمضان پیکج پر عمل درآمد کی ہدایت کی تھی ۔ وزیراعظم دیگر صوبائی حکومتوں کو بھی غریب عوام کو مفت آٹا فراہم کرنے کی ہدایت کر چکے ہیں ۔ وزیراعظم نے غریب عوام کو مہنگائی سے بچانے کے خصوصی رمضان پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی تھی،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے تاریخ ساز رمضان پیکج کے تحت ماہِ رمضان کے دوران اسلام آباد کے شہریوں کے لیے آٹے کی مفت فراہمی کا تحفہ ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ کنبہ جات جن کا سکور PMT-60 یا اس سے کم ہے کیلیے یہ سہولت ہوگی، اس پیکج کے لیے اپنی اہلیت جانچنے کےلیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8171 پر SMS کریں یا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہونے کےلیے اسلام آباد میں BISP کے دفاتر سے رجوع کریں، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مفت آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں،مفت آٹے کی تقسیم شفاف طریقے سے یقینی بنائی جائے گی۔