مفت آٹے کی تقسیم شفاف طریقے سے یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

19 مارچ ، 2023

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکیج تیار کرلیا گیا ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہاہے کہ وزیراعظم کی طرف سے تاریخ ساز رمضان پیکج کے تحت اسلام آباد میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ (185،894) کنبون جن کا سکور PMT-60 یا اس سے کم ہے کیلیے یہ سہولت دی جارہی ہے۔ ہر رجسٹرڈ صارف کو پہلی مرتبہ 10 کلو آٹے کاایک تھیلہ کا تحفہ ملے گا اور دو تھیلے 7 دن بعد ملیں گے، اس طرح فی صارف پورے مہینے کیلیے آٹے کے تین تھیلے ملیں گے،ڈی سی نے کہاکہ تھیلہ حاصل کرنے کیلیے OTP کی ضرورت نہیں صرف اصل قومی شناختی کارڈ دکھانا ہوگا، انہوں نے مزیدکہاکہ اس پیکج کیلیے اپنی اہلیت جانچنے کیلیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8171 پر ایس ایم ایس کریں یا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہونے کیلیے اسلام آباد میں بی آئی ایس پی کے دفاتر سے رجوع کریں،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مفت آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا قبول نہیں۔ مفت آٹے کی تقسیم شفاف طریقے سے یقینی بنائی جائے گی۔