فورسز کا آ واران میں ٹارگٹڈ آپریشن، کالعدم تنظیم کے تین دہشتگرد ہلاک

19 مارچ ، 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سیکورٹی فورسز کےآ واران میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تربت آواران روڈ اور ملحقہ علاقوں میں آئی ای ڈی حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آواران کے جنوبی علاقے میں 15مارچ کو آپریشن کا آغاز کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے فورسز پر متعدد مقامات پر گزشتہ تین روز کے دوران متعدد بار گھات لگا کر حملے بھی کئے گئے جبکہ فورسز نے تین دہشتگردوں پر مشتمل گروہ کے ٹھکانے کا سراغ لگاتے ہوئے انہیں گھیرے میں لیا جس پر دہشتگردوں نے اپنے گرد گھیرا تنگ ہوتے ہوئے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور گولہ باورد برآمد کرلیا گیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ ہوکر بلوچستان کے امن اور استحکام و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے۔