قبائلی تنازعات کے پر امن حل کیلئے کردار ادا کیا جائے ، وزیراعلیٰ بزنجو

19 مارچ ، 2023

کوئٹہ (خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلع جھل مگسی میں فائرنگ کے واقعہ میں تین افراد کے جانبحق اور دیگر کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے، ڈی سی کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے، وزیراعلیٰ نے فائرنگ واقعہ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ قبائلی تنازعات بھی امن کی خرابی کی بڑی وجہ ہیں تاہم زاتی اور قبائلی جھگڑوں کی آڑ میں کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا،وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی تنازعات کا پر امن حل ضروری ہے ،قبائلی تنازعات کے حل کے لئے جرگہ کا انعقاد بلوچستان کی قدیم روایات کا اہم حصہ ہے اور تحمل برداشت رواداری اور باہمی احترام بلوچستان کی دیرینہ روایت ہے ہم ان شاندار روایات پر عملدرآمد کر کے تنازعات کا حل نکال سکتے ہیں، وزیراعلیٰ نے قبائلی و سیاسی عمائدین سے اپیل کی کہ وہ قبائلی تنازعات کے پر امن حل میں اپنا کردار ادا کریں، حکومت اور وہ خود بھی قبائلی تنازعات کے حل میں اپنا کردار کرنے کے لئے تیارہیں۔