گوادر کو ایران سے100میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)گوادر کو بالآخر ایران سے 100 میگاواٹ بجلی ملنا شروع ہو گئی ، اس سے بجلی کی طویل بندش کے شکار مقامی لوگوں کو انتہائی ضروری ریلیف مل رہا ہے۔گوادر پرو کے مطابق پاکستان اور ایران کی حکومتوں کے درمیان گزشتہ ہفتے طے پانے والے معاہدے کے تحت ایرانی سرحد سے درآمد کی جانے والی100میگاواٹ بجلی اب گوادر گرڈ سٹیشن میں بلاتعطل پہنچ رہی ہے، جس کے ذریعے ہر گھر میں بجلی کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے سب ڈویڑنل آفیسر طارق نے گوادر پرو کو تصدیق کی کہ یہ گوادر کے لیے ایک شاندار دن ہے، کیونکہ ایران سے 100 میگاواٹ بجلی کی سپلائی بالآخر گوادر پہنچ گئی ہے، اور وعدہ پورا ہو گیا ہے۔ کیسکو کے ایک اور اہلکار نے گوادر پرو کو بتایا کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی طرف سے مقرر کردہ لیوی کے مطابق فی یونٹ بجلی کی قیمت پاکستان میں ہر جگہ کے برابر ہوگی۔