خاتون جج دھمکی کیس،عمران کے ناقابل ضمانت وارنٹ کی معطلی میں توسیع

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد(صباح نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں24مارچ تک توسیع ہوگئی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت کے لئے عمران خان کے جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ سینئر وکیل لاہور سے آرہے ہیں سماعت میں وقفہ کیا جائے جس پر عدالتی عملے نے سماعت کے لئے 11 بجے کا وقت دے دیا۔بعد ازاں سماعت کا وقت شروع ہوا تو دونوں طرف سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا اور ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی کی رخصت کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی اور عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی معطلی میں 24 مارچ تک توسیع ہوگئی۔