غریبوں کیلئے پیٹرول کی قیمت 100 روپے کم کرنے کا فیصلہ

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے لیے پیٹرول کی قیمت میں100روپے کا فرق ہوگا۔ غریب لوگوں کے لیے پیٹرول پر رعایت کے فیصلے پر6ہفتوں میں عمل کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ گاڑیوں والے لے پیٹرول کی قیمت زیادہ دیں گے۔ ہم نے ٹیرف الگ کرکے غریب کا بل اور امیر کا بل علیحدہ کردیا۔ ہماری قیادت نے کہا کہ ایک غریب آدمی جو گیس استعمال کررہا ہے اس کا پاکستان علیحدہ کردو، آج کے بعد وہ ایک چوتھائی بل ادا کریں گے۔ امرا کی بھی ہم عزت کرتے ہیں، لیکن وہ چار گنا زیادہ پیسے دیں گے، اور وہ پیسے جمع کرکے ہم ان غربا کو گیس دیں گے۔ وزیرمملکت نے بتایا کہ وزیراعظم اور نواز شریف نے کہا کہ آپ غریب اور امیر کا پیٹرول بھی علیحدہ کریں۔ گیس کی طرح دونوں کا پیٹرول کا خرچہ بھی علیحدہ کردیا۔