حکومتی اقدامات پر پاکستان تحریک انصاف کاوائٹ ہائوس کے سامنے احتجاج

21 مارچ ، 2023

واشنگٹن (این این آئی )امریکا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سیکڑوں کارکنان شدید سردی اور تیز ہوائوں کو نظر انداز کرتے ہوئے وائٹ ہائوس کے باہر جمع ہوئے اور پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف حکومتِ پاکستان کے اقدامات کی مذمت کی۔ ورجینیا میں پی ٹی آئی کے ایک سینیئر رہنما جنید بشیر نے کہا کہ ہم یہاں پاکستان میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور جمہوریت کو لاحق خطرات کی جانب توجہ مبذول کروانے کے لیے آئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت پاکستان فوری طور پر عمران خان کو دھمکانا بند کرے۔مظاہرین کی جانب سے عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے ہاتھوں دوران حراست تشدد کی مذمت کی جائے۔