حکومت اکٹھے الیکشن چاہتی ہےتو آئین میں ترمیم کیلئےتیارہیں،فرخ حبیب

21 مارچ ، 2023

لاہور (جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنمافرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت اکٹھے الیکشن چاہتی ہے تو ہم آئین میں ترمیم کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں اور رہنماؤں پر ظلم کیا جا رہا ہے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، ہم لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹیشن تیار کر لی گئی ہے، جلد دائر کر دیں گے، ملک میں آگ لگانے کی کوشش نہ کریں، پولیس ہماری ملزم ہے، کارروائی کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم پرامن انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں، یہ انتخابات کی وجہ سے خوفزدہ ہیں، اعجاز الحق نے اپنی پارٹی کو پی ٹی آئی میں ضم کر دیا ہے، یہ نگران حکومت نہیں نگرانی والوں کی حکومت ہے، ہم کسی قسم کے تشدد کی حمایت نہیں کریں گے۔ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ نگران حکومت کے ساتھ جلسے کرنے کا معاہدہ ہوا تھا، کل جو زمان پارک میں ہوا وہ توہین عدالت اور غیر قانونی ہے، نواز شریف 50 روپے کے شٹام پیپر پر باہر چلے گئے، ابھی تک ان کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ پرعملدر آمد نہیں ہوا، دو لوگوں نے سرچ وارنٹ لے کر آنا تھا، یہ دو کے بجائے دو ہزار اہلکار لے کر آگئے۔