غفلت ملک دشمنی کے مترادف ، پاکستان میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے، چوہدری یٰسین

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یٰسین نے کہا ہے کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والی قوتوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے،وفاقی ادارے میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں انارکی پھیلانے کے لیے ایک پارٹی چیئرمین کو خزانے سے مبینہ طور پر کروڑ وں روپے فراہم کرنے کے الزامات کی تحقیقات کریں۔ یہ خطرناک بات اور قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات میں روایتی سستی نہ کی جائے ۔محب الوطن قوتیں ملک دشمن عناصرکو نشان عبرت بنا ئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ ایسے ایسے الزامات سامنے آئیں اور قومی سلامتی کے ادارے خاموش تماشائی بنے رہیں ، وطن عزیز ہے تو سیاست ہے اور سیاسی جماعتیں بھی ہیں اس لیے ملکی معاملات میں غفلت ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مصلحتوں سے مبرا ہو کر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والی قوتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور ملک دشمن کرداروں کو نشان عبرت بنا یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آج قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے ہو رہے ہیں یہ سازش ہے اور اس میں ملک دشمن قوتیں ملوث ہیں۔پہلے پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان کے قریبی ساتھی وسابق وفاقی وزیر فیصل واڈا بھی عمران کے ساتھیوں پر غیر ملکی انٹلیجنس ایجنسیوں سے روابط کا الزام لگا چکے ہیں۔