تبدیلی کے نام پر ملک و قوم کے ساتھ بد ترین مذاق کیا گیا، صغیر حسین

21 مارچ ، 2023

مظفرآباد (جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما حاجی سید صغیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر ملک و قوم کے ساتھ بد ترین مذاق کیا گیا ،عمران خان کا دور حکومت ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دور حکومت تھا چار سالہ دور حکومت میں نا اہل ٹیم نے ملک میں گالم گلوچ اور انارکی کی سیاست کو فروغ دیا ،افواج پاکستان اور ملک کے دیگر اہم اداروں کی کردار کشی کر کے غیر ملکی آقائوں کوخو ش کیا گیا۔ صحافیوں سے گفتگو صغیر حسین بخاری نے کہا کہ عمران خان نے زمان ٹائون لاہور میں تربیت یافتہ جھتوںذریعے پولیس پر حملے کر کے دنیا کو کیا پیغام دیا ہے ۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ملزم نے گاڑی میں بیٹھ کر عدالت میں حاضری لگوائی اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ملزم کو 90سے زائد مقامات میں ضمانتیں منظور کی گئی۔ ملک کی اعلیٰ عدلیہ اور دیگر مقتدر ادارے نوٹس لے کر ملک و قوم کو مزید تباہی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔