بھارتی حکومت نہتے شہریوں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، ستار القمر

21 مارچ ، 2023

مظفرآباد (جنگ نیوز ) کشمیر فریڈم موومنٹ کینیڈا کے صدر ستار القمر نے کہا ہےکہ بھارتی حکومت متنازع ریاست میں عوامی مزاحمت کے خوف میں مبتلا ہو کر بوکھلاہٹ میں نہتے شہریوں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ آزادی اور حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ۔آزادی اور حق خودارادیت کی لازوال اور بے مثال جدوجہد پرریاست جموں کشمیر کے عوام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز دورہ مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو میںکیا ۔ان کے ہمراہ خورشید کاشر،عمیر حمزہ ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ستار القمر کا مزیدکہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت، دہشت و وحشت، تشدد، اندھا دھند گرفتاریوں، نوکریوں سے برخاستگی، زمینوں پر قبضوں، املاک کی ضبطگی اور مسمارگی، ظالمانہ ٹیکسوں کے نفاذ اور فوجی محاصروں سے کشمیری عوام کو آزادی اور حق خودارادیت کے مطالبے سے کبھی دستبردار نہیں کرسکتا۔ آرٹیکل 370اور 35Aکے بعد کشمیری عوام نے بے مثال جدوجہد سے خود کو دنیا کی جرات مند اقوام کی صف میں لا کھڑا کیا ہے،بیرون ملک میں مقیم کشمیریوں نے تحریک آزادی کو اجاگر کرنے میں اپنا ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے۔