افغان سرکار ی افسران کے بیٹے وزارتوں سے برطرف ، حشیش کی کاشت پر پابندی

21 مارچ ، 2023

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغان طالبان کے سپریم لیڈر ہبت اللہ اخونزادہ نے حاضر سروس سرکاری افسران کے بیٹوں کو حکومتی اداروں میںبھرتیکرنے پر پابندی عائد کی ہے اور انہیں فوری طور پر برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔افغان ٹیلی ویژن چینل کے مطابق سپریم لیڈر کی ہدایت پر سرکاری عہدوں پر تعینات افسران کے بیٹوں کو برطرف کر دیا ہے جو ذاتی تعلق کی بنا پر بھرتی کیے گئے تھے۔سپریم لیڈر کی جانب سے جاری اعلامیے میں افسران کو ہدایت کی گئی تھی کہ وزارتیں، ڈیپارٹمنٹس اور انتظامیہ خاندانی اور ذاتی تعلقات کی بنیاد پر بھرتیاں کرنے سے گریز کریں۔اعلامیے کے مطابق جن افسران نے اپنی ہی وزارتوں یا اداروں میں بیٹوں کو بھرتی کیا ہے وہ فوری طور پر ان کی جگہ کسی اور کو تعینات کریں۔خیال رہے کہ سرکاری اداروں میں تمام تعیناتیاں سپریم لیڈر اخونزادہ یا دیگر اعلٰی ممبران کی ہدایت پر کی جاتی ہیں۔ایک اور بیان میں اخونزادہ نے حشیش کے پودے کی کاشت پر بھی پابندی عائد کی ہے اور ہدایت کی ہے کہآج کے بعد سے کوئی بھی شخص اپنی زمین پر اس کی کاشت نہیں کرے گا۔