عمران اور بشریٰ آج نیب میں طلب

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد،لاہور(نمائندہ خصوصی،خصوصی رپورٹ، نیوز ایجنسیاں )نیب نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج (منگل)طلب کرلیا۔ذرائع کیمطابق نیب نے توشہ خانہ کیس میں دونوں کی طلبی کا دوسرا نوٹس جاری کیا۔ فارن فنڈنگ کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو (آج) 21 مارچ کو طلب کرلیا۔ نیب کی جانب سے عمران خان کی اہلیہ سے 14 سوال پوچھے گئے ہیں۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی بنچ نے پیمرا کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کے احکامات کی معطلی میں27 مارچ تک توسیع کردی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ پیر کو سماعت پر عدالت نے قرار دیا کہ سنگل بنچ کے حکم میں ترمیم کیلئے یہاں بات نہیں ہوسکتی۔ ترمیم کیلئے سنگل بنچ سے رجوع کریں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔ قبل ازیں نیب کی دو رکنی ٹیم نوٹس کی تعمیل کرانے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی لاہور میں واقع رہائشگاہ زمان پارک پہنچی۔ سکیورٹی اسٹاف نے نیب کی ٹیم کو اندر جانے کی اجازت دے دی۔ قومی احتساب بیورو (نیب)کا نوٹس اویس نیازی نے وصول کیا، ٹیم نوٹس کی تعمیل کے بعد زمان پارک سے روانہ ہوگئی۔ نوٹس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو آج منگل کو نیب راولپنڈی میں کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سے قبل، توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے قومی احتساب بیورو نے عمران خان اور سابق خاتون اول بشری بی بی کو 9مارچ کو راولپنڈی آفس میں طلب کیا تھا۔ طلبی کا نوٹس عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ اور چک شہزاد اسلام آباد کے گھر پر بھیجا گیا تھا۔ نوٹس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران خان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں ملنے والے تحائف کو فروخت کیا جن میں چار رولیکس گھڑیاں، ایک آئی فون جو انہیں 2018 ء میں قطر آرمڈ فورسز کی جانب سے دیا گیا، قیمتی گھڑی اور دیگر تحائف شامل ہیں جو انہوں نے خلاف قانون فروخت کئے۔