اتحادی جماعتوں کا اجلاس،بعض عدالتی فیصلوں پر خدشات اور تحفظات

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد(فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس جس میں کم و بیش تمام اتحادی جماعتوں کی نمائندگی موجود تھی۔ جن اہم امور پر تمام شرکاء ایک پیج پر تھے ان میں پاکستان تحریک انصاف کی منفی طرز سیاست اور پاک فوج کے سپہ سالار کے خلاف چلائی جانے والی منفی مہم جبکہ عدالتی طرز عمل پر بھی شرکاء نے بعض فیصلوں کے حوالے سے تحفظات پر خدشات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے بالخصوص سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی فوج کے خلاف گھٹیا مہم کو تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے ایک قابل نفرت اور شرانگیز مہم قرار دیا جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ یہ ساری مہم عمران خان کی ایما اور ہدایت پر چلائی جا رہی ہے جس سے فوج کے وقارکو نقصان، دشمن کو فائدہ اور قومی سلامتی کو شدید خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ اس موقع پر پاک فوج کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور یک زبان ہوکر عمران خان کے طرز سیاست کو انتشار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف فوری طور پر سخت اقدمات کئے جانے پر اتفاق رائے پایا گیا جبکہ بعض شرکاء نے ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف اور خود عمران خان کی سیاست پر پابندی کی تجویز بھی پیش کی۔ تمام شرکاء نے اپنے اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر بھی اتفاق رائے ہوا اور اس حوالے سے ابتدائی حکمت عملی پربھی ہوا ۔