بجلی کی تقسیم کا ر کمپنیوں کی صو بائی حکومتوں کو منتقلی کیلئے ہائی پاور کمیٹی تشکیل

21 مارچ ، 2023

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کا ر کمپنیوں ( DISCOSs) کی صو بائی حکومتوں کو منتقلی کیلئے ہائی پاور کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ کمیٹی کےسربراہ وزیر دفاع خواجہ آصف ہوں گے۔ دیگر ممبران میں وزیر بجلی ‘ وزیر تجارت ‘ وزیر مملکت بر ائے پیٹرولیم ‘ صو بائی وزرائے اعلیٰ یا ان کے نامزد صو بائی وزراء ‘ وزیر اعظم کے معاون خصوصی بر ائے حکومتی استعداد کار ‘ سیکرٹری خزانہ ‘ سیکرٹری بجلی ( کمیٹی کے سیکرٹری بھی ہوں گے ) سیکرٹری نج کاری کمیشن ‘ سیکرٹری قانون و انصاف ‘ صو بائی چیف سیکرٹریز شامل ہیں ۔ کمیٹی ریگولیٹری باڈیز بشمول نیپرا‘ ایس ای سی پی ‘ سی سی پی وغیرہ سے ممبر لے سکتی ہے۔کمیٹی کی ٹی او آرز جاری کردی گئی ہیں۔ کمیٹی ڈسکوز کی وفاقی حکومت سے صو بائی حکومتوں کو منتقلی کیلئے موجودہ آئینی فریم ورک کا جائزہ لے گی۔کمیٹی قانونی تقاضوں کی فہرست مرتب کرے گی جنہیں مکمل کرنا ضرروی ہے۔ اگر ضرورت ہوئی تو کمیٹی ایک قانونی فریم ورک تجویز کرے گی۔ڈصکوز کی ملکیت کی منتقلی کے تناظر میں نیپرا کے تقاضوں کا جائزہ لیا جا ئے گا۔ ایکویٹی کی ملکیت کی ٹرانسفر کے ضمن میں ایس ای سی پی ‘ اسٹیٹ بنک اور سی سی پی وغیرہ تمام متعلقہ ریگولیٹرز کے تقاضوں کا جائزہ لیا جا ئے گا۔وفاقی اور صو بائی حکومتوں کے درمیان ایگریمنٹ کیلئے ڈرافٹ تیار کیا جا ئے گا۔ ڈسکوز کو مالیاتی اعتبار سے کامیابی سے چلانے کیلئے رہنما اصول وضع کرے گی۔ قومی بجلی پالیسی 2021 کی روشنی میں ڈسکوز کیلئے روڈ میپ بنایا جا ئے گا۔ضلعی حکومتوں کی ذمہ دار ی کا تعین کیا جا ئے گا۔ کمیٹی د س دن میں اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔