وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز آج سے،15میگا پروگرام تیار

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز آج سے ہوگا، پی ایم یوتھ ڈویلپمنٹ اقدام کے تحت 15 میگا یوتھ پروگرام تیار کئے گئے ہیں، ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت وزارت منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات آج منگل کو وزیر اعظم یوتھ ڈویلپمنٹ انیشیٹوز کا باقاعدہ آغاز کریگی۔ 15 یوتھ ڈویلپمنٹ انیشیٹوز جن میں بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام، وزیر اعظم کا یوتھ لیپ ٹاپ پروگرام،بلوچستان اور سابق فاٹا کے طلباء کیلئے 5000 وظائف، 75 نیشنل ٹاپ ٹیلنٹ سکالرشپ پروگرام،سیرت چیئرز کا قیام، پاکستان کے کم ترقی یافتہ اضلاع میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ذیلی کیمپس کا قیام، یوتھ سکلز ٹریننگ پروگرام، ینگ ڈویلپمنٹ فیلوشپ پروگرام، سات سینٹرز آف ایکسی لینس؛ پاکستان انوویشن فنڈ ینگ ڈویلپمنٹ لیڈر ایوارڈ، پاکستان کے 20 غریب ترین اضلاع کی ترقی کیلئے خصوصی ترقیاتی سکیم، پاکستان بھر میں ینگ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کور کا پروگرام اور 250 منی سپورٹس کمپلیکس شامل ہیں۔ وزیراعظم کا بااختیار نوجواں انٹرن شپ پروگرام پاکستان کا سب سے بڑا انٹرن شپ پروگرام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان بھر کے نوجوان گریجویٹس کو 60,000 بامعاوضہ انٹرن شپ دیکر اس مشن کو آگے بڑھا رہا ہے۔