عمران مقدمات کی تفصیلات فراہمی فریقین کو نوٹس،27مارچ کوریکارڈطلب

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد(خبر نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 مارچ کو اسلام آباد کی حد تک تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے درخواست کی سماعت کی تو عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ اسلام آباد میں عمران خان کیخلاف 47 مقدمات ہوگئے ہیں ، پولیس نے کچھ ایف آئی آر خفیہ رکھی ہوئی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ شاید آپ کو معلوم نہیں ایف آئی آر خفیہ نہیں ہوتی ، یہ پبلک دستاویز ہوتی ہے ، پولیس تحقیقات کیلئے بلا لیتی ہے۔ فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ آپ تمام مقدمات کی تفصیلات کا حکم جاری کریں تو واضح ہو جائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میں اپنی حدود کی حد تک نوٹس کر دیتا ہوں ، کیا آپ نے اعظم سواتی کیس کا فیصلہ پڑھا ہے؟ کوئی ایسا قانون نہیں کہ بتایا جائے کہ کسی شخص کیخلاف مقدمہ ہے ، اعظم سواتی کیخلاف بھی مقدمات پورے پاکستان میں ہیں۔ فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر ہمیں بتا دیا جائے تو پھر ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ دوران سماعت عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس پیشی کا ذکر ہوا۔ فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاکہ میرا داخلہ جوڈیشل کمپلیکس میں بند ہو گیا ، پھر آپ کے پاس آ گیا ، اسلام آباد میں آپ کے علاوہ اور کوئی جگہ نہیں ، ہمارے پاس عدالتوں کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ہفتے کو بھی کچھ مناسب بات نہیں ہوئی ، میں بھی غلطی کروں اور آپ بھی ، پھر کیا فرق رہ جائے گا۔ بعد ازاں فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔