ایٹمی پروگرام میں کسی قسم کی بیرون مداخلت کی گنجائش نہیں ،وزیر خزانہ

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد(کامرس رپورٹر ،اے پی پی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 16مارچ 2023 کو سینیٹ آف پاکستان کے فلور پر آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کی وجوہات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دیئے گئے ان کے بیان کاسیاق و سباق سے ہٹ کر حوالہ دیا جا رہا ہے،ایٹمی پروگرام میں کسی قسم کی بیرون مداخلت کی گنجائش نہیں۔پیرکوبیان میں وزیرخزانہ نے کہاہے کہ پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے ایک ساتھی سینیٹر کے مخصوص سوال کے جواب میں انہوں نے جو تبصرہ کیا تھااس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کوخودمختار ملک ہونے کے ناطے اپنا جوہری پروگرام تیار کرنے کا پورا حق حاصل ہے، کیونکہ کسی بیرونی ڈکٹیشن یعنی ہدایت کے بغیریہ ہمارے قومی مفادات کے مطابق ہے، جس کو کسی بھی ذریعہ یاطریقہ سے کسی بھی طرح سے آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ اس ضمن میں وضاحت کی جاتی ہے کہ نہ تو آئی ایم ایف اور نہ ہی کسی دوسرے ملک نے ہماری جوہری صلاحیت کے حوالے سے کوئی شرط عائد کی ہے اور نہ ہی پاکستان سے کوئی مطالبہ کیا ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے میں تاخیر خالصتاً تکنیکی وجوہات کی بناء پر ہے، جس کی وجہ سے ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اسے جلد از جلدحتمی شکل دی جا سکے۔ دریں اثنا اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت معاشی چیلنجز پر قابو پانے اور معیشت کو ترقی وگروتھ کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل فیڈریشن آف اکائونٹنٹس (آئی ایف اے سی) کی صدرآسما رسموکی سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیر خزانہ نے آسما رسموکی کا خیرمقدم کیا اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف اکائونٹنٹس کی پہلی مسلم خاتون صدر بننے پر انہیں مبارکباد دی۔ اقتصادی ترقی میں اکائونٹنٹس کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بین الاقوامی معیار پر مبنی اعلیٰ معیار کی کارپوریٹ رپورٹنگ پر زور دیا جو مالی وسائل کو متحرک کرنے اور بدعنوانی اور بدانتظامی کو کم کرنے میں مدد دینے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔