یوم پاکستان، فلائی پاسٹ اور مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی ریہرسل شروع

21 مارچ ، 2023

اسلام آباد(رپورٹ، حنیف خالد)پاک فضائیہ نے 20مارچ پیر کے روز یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں ہونیوالی مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کے سلسلے میں فلائی مارچ کی ریہرسل شروع کر دی ہے یہ ریہرسل آج 21 اور کل 22 مارچ کو پاکستان ائر فورس کے ہوا باز ایف 16 جے ایف تھنڈر 17 طیاروں میں جاری رکھیں گے اور جمعرات 23 مارچ کو ایوان صدر کے سامنے ہونیوالی یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کے دوران دارالحکومت میں گن گرج کے ساتھ فلائی پاسٹ کرتے ہوئے اسلامی کے چبوترے کے سامنے غوط زن ہو کر سلامی دیتے ہوئے گزریں گے۔ ڈائس پر مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف حسین علوی کیساتھ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف جائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا، سپہ سالار پاکستان جنرل عاصم منیر، امیر البحر ایڈمرل امجد نیازی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی موجود ہونگے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف حسین علوی پریڈ سے خطاب کرینگے، پریڈ میں سب سے آگے پاکستان آرمی، نیوی، ائر فورس کا مشترکہ فوجی بینڈ قومی ترانے کے علاوہ ملی نغموں کی دھنیں بکھرتا ہوا شرکاء کے دل گرمائے گا ۔اگرچہ ملکی معاشی حالت کے تقاضوں کے پیش نظر مسلح افواج کے سربراہوں نے 1940ء اقبال پارک (منٹو پارک لاہور) میں منظور کی گئی قرارداد پاکستان کے حوالے سے مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کو محدود کیا ہے مگر اس میں تمام اہم فیچر موجود ہونگے ۔اس پریڈ کے دعوت نامے انٹر سروسز پبلک ریلیشن حاضر و ریٹائر عسکری عہدیداروں کے علاوہ پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں، ارکان پارلیمنٹ، کابینہ کے ارکان کو بھی آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں جاری کریگا۔ پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ائرفورس کے چاک و چوبند دستوں پاکستان رینجرز سپیشل سروسز گروپ فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پولیس دستے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزریں گے۔ فل ڈریس پریڈ کا دورانیہ تین گھنٹے کے الگ بھگ بتایا گیا ہے جبکہ محدود لیول کی پریڈ کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹے سے دو گھنٹے کا رکھا گیا ہے۔ کیونکہ پریڈ کے اختتام پر صدر عارف حسین علوی کو 23 مارچ کی دوپہر بارہ بجے سول اعزازات کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کرنی ہے۔