طویل فاصلے کے روٹس پر خود براہ راست پروازیں چلائیں گے، بھار تی وزیر

23 مارچ ، 2023

نئی دہلی(این این آئی)بھارت کے شہری ہوا بازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے کہا ہے کہ خلیج کی ایئرلائنز کے مطالبے کے باوجود بھارت فضائی ٹریفک کے حقوق میں اضافے پر غور نہیں کررہا اور چاہتا ہے کہ اس کی مقامی ایئرلائنز طویل فاصلے کے روٹس پربراہ راست پروازیں پیش کریں۔ نئی دہلی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ جیسے ہی آپ دہلی سے بین الاقوامی مقامات پر براہ راست رابطہ قائم کریں گے، توکوئی بھی مسافر کسی دوسرے ملک کے مرکز سے گذرنے کے بجائے براہ راست رابطے کو ترجیح دے گا،بھارت اپنے دور دراز علاقوں میں نئے ہوائی اڈوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ دہلی اور ممبئی جیسے میٹرو ہب ہوائی اڈوں پر بھی گنجائش بڑھا رہا ہے ۔ متحدہ عرب امارات نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان زیادہ سے زیادہ نشستوں کی تعداد میں 50ہزارکا اضافہ کرے۔بھارت کی بین الاقوامی فضائی آمدورفت کا بڑا حصہ اس وقت امارات اور قطرایئرویز جیسی فضائی کمپنیوں کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے،،ایئرانڈیا نے گذشتہ ماہ 470 جیٹ طیاروں کا ریکارڈ آرڈر دیا تھا اور بین الاقوامی مارکیٹ میں جارحانہ انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔