اپنے محسنوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہمیشہ کامیاب ہوتی ہیں،ساجد پہلوان

23 مارچ ، 2023

میرپور( جنگ نیوز) اوورسیز کشمیری رہنما و سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور خواجہ ساجد محمود پہلوان نے کہا کہ جو قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں وہ ہمیشہ کامیاب ہوتی ہیں۔سابق صدر آزاد کشمیر غازی ملت کیپٹن جنرل سید علی احمد شاہ کرداراورگفتار کاانمول نمونہ تھے اور قائداعظم محمدعلی جناح اور لیاقت علی خان کے پیروکارتھے۔ انھوں نے قرآن وحدیث کی تعلیمات اور قائداعظم کے فرمودات کواپنی زندگی کاحصہ بنایاہواتھا۔ شرافت اوردیانت کے پیکراورمحب وطن تھے۔ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اورنظریہ الحاق پاکستان کے داعی تھے ان کا شمار چوہدری غلام عباس کے ساتھیوں میں ہوتا ہے ان کی سیاسی و سماجی،عسکری اور مذہبی خدمات کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے وہ کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید علی احمد شاہ کی سالانہ برسی کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اپنے اسلاف کی کارہائے نمایاں اور قربانیوں کو یاد رکھیں۔تحریک آزادی کشمیر کے لیے ہمارے اسلاف نے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔کشمیر کی آزادی ہر کشمیریوں کی منزل ہے۔