محکمہ آبپاشی و سمال ڈیمز آزادکشمیرکی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح

23 مارچ ، 2023

مظفرآباد(نمائندہ جنگ) محکمہ آبپاشی و سمال ڈیمز آزادکشمیر نے ورلڈ واٹر ڈے کے موقع پر اپنی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا۔ سیکرٹری زراعت، آبپاشی و سمال ڈیمز سردار جاوید ایوب نے بدھ کے روز یہاں ویب سائیٹ کا افتتاح کیا اور ورلڈ واٹر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔تقریب سے ڈائریکٹرجنرل آبپاشی خواجہ اعجاز احمد،ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک اعجاز احمد خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر بشارت حسین درانی، انچارج پلاننگ سیل وقار احمد اور دیگر آفیسران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آبپاشی سردار جاوید ایوب نے کہا کہ زراعت کے فروغ کے لیے پانی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ آبپاشی اور زراعت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ محکمہ آ بپاشی قومی پروگرام برائے بہتری آبی وسائل کے ذریعے بنجر زرعی زمینوں تک پانی کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے تاکہ زمینوں کو آباد کرکے ان سے نہ صرف مقامی ضروریات پوری کی جا سکیں بلکہ ان سے روزگار کی فراہمی بھی ممکن ہو۔