مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم اورپاک فوج کے سربراہ کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں

23 مارچ ، 2023

سرینگر (اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے سرینگر، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں آج مسلسل پانچویں روز پاکستانی پرچم لہرائے اورپوسٹر چسپاں کئے گئے جن میں پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں 23مارچ کو یوم پاکستان منانے کے لیے پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور پوسٹرچسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں پاکستانی پرچم اورپاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر لگی ہیں۔پوسٹروںمیں لکھا گیا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں پاک فوج کے سربراہ کے بیان سے نہ صرف مقبوضہ جموں وکشمیر میں لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں بلکہ بھارتی میڈیا کے اس حالیہ پروپیگنڈے کی بھی نفی ہوئی ہے کہ تنازعہ کشمیر کو 20سال کے لئے منجمد کردیا گیاہے۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کسی بھی صورت میں کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور کشمیر کاز کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پوسٹربھارت کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ اپنے فوجی قبضے اور بربریت کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ پوسٹروں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی کے کشمیریوں کے مطالبے کی بھرپورترجمانی کی ہے۔دریں اثناء مقبوضہ علاقے سے ٹوئٹر اور فیس بک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹر اور ویڈیوز اپ لوڈ کی گئی ہیں جن میں پاکستانی بھائیوں کو ان کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی گئی ہے۔