پاکستان میں 6.8شدت کا زلزلہ ، ہلاکتیں 9تک پہنچ گئیں، سیکڑوں زخمی

23 مارچ ، 2023

پشاور(جنگ نیوز) پاکستان میں گزشتہ روز آنے والے6.8شدت کے زلزلے سے اب تک9افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے۔پاکستان کے تین صوبوں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلہ 9بج کر47منٹ پر آیا جس کے جھٹکے کافی دیر محسوس کیے گئے۔زلزلے کے باعث خیبر پختونخوا کا ضلع سوات سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں ریسکیو کا کام بھی جاری ہے۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کوہ ہندوکش اور گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے زلزلے سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق زلزلے سے 20 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق دیرلوئر میں شدید زلزلے سے ایک خاتون جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والے افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ زلزلے سے کئی گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں۔ ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 5 افراد جاں بحق جبکہ 263 افراد زخمی ہوئے۔اسپتال ذرائع کے مطابق 193 زخمی سیدو شریف اسپتال لائے گئے جس میں 93 فراد زخمی او باقی ڈر کی وجہ سے بے ہوش ہوئے۔ 18 مریض اب بھی داخل ہیں جبکہ باقی کو فارغ کر دیا گیا۔ اب تک کے اطلاعات کے مطابق 20 کے قریب گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔کمشنر ملاکنڈ شاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ تمام حالات کنٹرول میں ہے اور نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔