سینیٹ داخلہ کمیٹی ، PTIکیخلاف درج مقدمات ،گرفتاریوں کی رپورٹ طلب

23 مارچ ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز) سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے آئی جیز کو طلب کر تے ہوئے تحریک انصاف کے خلاف درج مقدمات اور گرفتاریوں کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ دونوں آئی جیز سے تحریری طور پر جواب پوچھا گیا ہے کہ کتنے مقدمات دہشت گردی کی دفعات کے تحت ہیں اور کتنے دفعہ 144 کے تحت درج ہیں، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر گرفتاری کے دوران چہرے کو ڈھانپنے والے اہلکاروں کے خلاف کیا کرروائی کی گئی، سیکرٹری داخلہ سے عمران خان پر وزیر آباد حملہ کیس کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں، جے آئی ٹی کی تحقیقات پر وفاقی سیکرٹری داخلہ سے بریفنگ مانگی گئی ہے، پنجاب اور اسلام آباد کے آئی جیز سے زمان پارک آپریشن اور گرفتاریوں کی بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے، وفاقی دارالحکومت میں سنگین جرائم کی شرح اور گاڑی چوری میں غیر معمولی اضافے، سر عام منشیات فروشی اور زنا کے واقعات پر جواب طلب کیا گیا ہے ، قائمہ کمیٹی مجوزہ اجلاس میں آئی جی پنجاب تحریک انصاف کے کارکن ظل شاہ کے مبینہ قتل کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کریں گے۔