جوڈیشل کمپلیکس امن وامان صورتحال،عمران کو توہین عدالت کا نوٹس

23 مارچ ، 2023

اسلام آباد (جنگ نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی جانب سے امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کی توہین عدالت درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت7اپریل تک ملتوی کر دی ہے ، چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بنچ نے بدھ کے روزاسسٹنٹ کمشنر شالیمار کی جانب سے عمران خان کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی پیش ہوئے ،یا د رہے کہ درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ عدالت کا حکم تھا کہ عمران خان امن و امان کی صورتحال پیدا نہیں کریں گے ،لیکن انہوں نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ہے، پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس اور جوڈیشل کمپلیکس پر پتھرائوکیا جس سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے ، عمران خان نے 17 مارچ کا عدالت کا ایک حکم بھی نہیں مانا ہے ، درخواست میں عمران خان کو طلب کر کے قانون کے مطابق کاروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ بعد ازاں، عدالت نے توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن کی زیر سماعت درخواست میں عمران خان کی عدالت پیشی کے موقع پر فائل گم ہونے والے کیس کے ساتھ توہین عدالت کی یہ درخواست بھی منسلک کر دی ،جبکہ امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے سے متعلق آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے جواب کے لئے عمران خان کو نوٹس جاری کر دئیے اور کیس کی مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔