اکٹھے اور شفاف الیکشن سے ہی سیاسی استحکام آئیگا،رانا ثنا

23 مارچ ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز)پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثناء نے کہا ہے کہ اکٹھے اور شفاف الیکشن سے ہی سیاسی استحکام آئیگا،پاکستان کی افواج نے بڑی دلیری اور جرات کے ساتھ دہشتگردی کو کنٹرول کیا ہے، تمام اداروں کا اپنا آئینی اختیار ہے لیکن یہ پارلیمنٹ کے مرہون منت ہے، ایک شخصیت اور جتھہ ملک میں افراتفری ، انارکی اور بحرانی کیفیت پیدا کرنا چاہتاہے، توشہ خانہ کی چوریوں،ٹیریان وائٹ کیس ،ممنوعہ فنڈنگ سمیت متعدد معاملات میں عمران کے پاس کوئی جواب نہیں ہے ۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے سابق چیف جسٹس کیخلاف احتجاج کیا گیا ۔حکومتی اراکین نے ثاقب نثار مخالف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھےجن پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نعرے درج تھے ۔ گزشتہ روز مریم نواز کے خلاف ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو سامنے آنے پر یہ احتجاج کیا گیا۔تحریک انصاف کے سینیٹرز نے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کیا جبکہ اپوزیشن لیڈر سمیت منحرف پی ٹی آئی اراکین کی اکثریت بھی غیر حاضر رہی۔سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ اجلاس سہ پہر طلب کیا گیا تھا تاہم کچھ وجوہات کے سبب اجلاس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔وزیر داخلہ رانا ثنانے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کو تین نکات پر رہنمائی کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت سیاسی ، انتظامی اور عدالتی بحران پیدا کیا گیا ہے، دوسرا الیکشن پر اور تیسرا معاشی صورتحال پر رہنمائی کرنی ہوگی۔