اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کاجلد ازالہ یقینی بنایا جائے گا،کمشنر پی او پی

23 مارچ ، 2023

لاہور(نمائندہ جنگ) کمشنر پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن سید خادم عباس نے کہاہے کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی وفاقی اداروں سے متعلقہ شکایات کے ازالے کے لئے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف)سے تعاون کو فروغ دیاگیا ہے اوردونوں اداروں کے اشتراک سے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کاجلد ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔یہ بات انہوں نے مینجر ڈائریکٹر او پی ایف ڈاکٹر عامر شیخ سے ملاقات میں کی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر ریونیو او پی سی محمد اسلم رامے، او پی ایف کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید بڑھانے اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے جلد ازالے کے لئے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی متعدد تجاویزپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اور پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی آفیشل ویب پورٹل کے ساتھ منسلک کرنے پر بھی اتفاق رائے قائم کی گئی۔ ایم ڈی، او پی ایف ڈاکٹر عامر شیخ نے یقین دلایا کہ اوپی سی کی طرف سے وفاقی اداروں کے متعلق بھجوائی جانے والی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کی جائیں گی۔اس موقع پر کمشنر او پی سی سید خادم عباس کے ہمراہ ڈائریکٹر ریونیو او پی سی محمد اسلم رامے نے ڈائریکٹر او پی ایف مصطفی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر او پی ایف مختار حیدر سے بھی ملاقات کی۔ ڈائریکٹر ریونیو او پی سی محمد اسلم رامے نے او پی سی کے طریقہ کار اور کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی 300 شکایات وفاقی اداروں سے متعلقہ زیر التوا ہیں۔