اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے قوم ہم پر اعتماد کرے،سراج الحق

23 مارچ ، 2023

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جماعت اسلامی کے انتخابی منشور کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں انارکی پھیلنے کے خدشہ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر قانون و انصاف کی اسی طرح دھجیاں اڑتی رہیں، غریب قوم مہنگائی، بدامنی، غربت اور بے روزگاری کی آگ میں جلتی رہی تو حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے، صورت حال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ طاقتور کہتا ہے کہ ججز اس کی طرف چل کر آئیں، جتھوں کی صورت میں عدالتوں پر حملے ہوتے ہیں، پولیس اور جرنیل اپنی حفاظت تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، پولیس لوگوں پر گولیاں برساتی ہے، پاناما لیکس، پنڈوراپیپرز سے لے کر توشہ خانہ تک کرپشن کی ایسی داستانیں ہیں جن میں حکمران جماعتوں کے سرکردہ رہنما، بیوروکریٹس، سفارتکار، جرنیل، ججز سبھی ملوث نظر آتے ہیں، عدالتوں میں کمزور اور غریب کے لیے انصاف کے دروازے بندہو گئے، تینوں بڑی جماعتوں کے نزدیک معیشت کی بہتری صرف آئی ایم ایف سے قرضہ لینے میں ہے، وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم جاری ہے اور حکمران اشرافیہ لوٹ مار اور مفادات کے چکروںمیں اس حد تک ملوث ہو چکی ہے کہ انھیں ملک اور قوم کی کوئی فکر نہیں، 75برسوں سے عوام کی محرومیوں کا ناختم ہونے والا طویل سلسلہ جاری ہے، ڈکٹیٹروں اور نام نہاد جمہوری حکومتوں نے ہر شعبہ میں تباہی مچائی اور قوم کو لاوارث چھوڑ دیا۔ سات دہائیاں گزرنے کے بعد بھی اگر قوم اپنے حق کے لیے کھڑی نہ ہوئی اور انہی آزمودہ، نااہل اور ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی پارٹیوں کو اقتدار میں لاتی رہی تو حالات ہرگز نہیں بدلیں گے اور وہ خواب پورا نہیں ہو گا جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے جان و مال کی قربانیاں دیں۔ وقت آ گیا ہے کہ قوم جماعت اسلامی پر اعتماد کرے تاکہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعمیر ہو سکے۔