سی پیک :صنعتی ترقی کیلئے دوسرا مرحلہ شروع کرنیکا فیصلہ

23 مارچ ، 2023

لاہور( اپنے نامہ نگار سے)وفاقی حکومت نے صنعتی ترقی کیلئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی کابینہ نے چین کے ساتھ صنعتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے معاہدے کی منظوری دیدی۔اس منظوری کے بعد پاکستان اورچین کے درمیان 3 سالہ صنعتی تعاون کا معاہدہ ہو گا۔صنعتی تعاون کے فروغ کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور اے ایف ٹی سی یو کا معاہدہ بھی ہو گا۔تعاون کی یادداشت کے تحت حکومتی افسران اور سی پیک سے متعلقہ ورک فورس چین جائیگی۔وزارت خارجہ اور وزارت قانون نے مشترکہ طور پر ڈرافٹ معاہدے کی تائید کر دی۔پاکستانی حکام کو چین کے کامیاب صنعتی ماڈل سے متعلق ٹریننگ دی جائیگی۔پاکستان اور چین کا صنعتی تعاون کا معاہدہ 2025 تک موثر رہے گا جس میں مزید توسیع بھی ہوسکے گی۔پاکستانی سی پیک ورک فورس کی استعداد کار میں اضافہ اور سکل ڈیولپمنٹ کی جائیگی۔