پنجاب الیکشن ملتوی، 8 اکتوبر کو ہونگے، حالات سازگار نہیں، 30 اپریل کا انتخابی شیڈول واپس، صدر مملکت کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا، الیکشن کمیشن

23 مارچ ، 2023

اسلام آباد(ایجنسیاں)الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے30اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کردیے۔الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا جس کے مطابق پنجاب میں الیکشن 8 اکتوبر کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے جاری حکم نامے میں کہا کہ آئین کےتحت حاصل اختیارات کے انتخابی شیڈول واپس لیا گیا اور نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔حکم نامے میں کہاگیاکہ اس وقت حالات سازگار نہیں ‘فی پولنگ اسٹیشن اوسطاً صرف ایک سیکیورٹی اہلکار دستیاب ہے جب کہ پولیس اہلکاروں کی بڑے پیمانے پر کمی اور اسٹیٹک فورس کے طور پر فوجی اہلکاروں کی عدم فراہمی کی وجہ سے الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی پنجاب نے امن وامان کی خراب صورت حال سےآگاہ کیا، انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے میں 5 ماہ لگیں گے، پنجاب میں 3 لاکھ 86 ہزار 623 اہلکاروں کی کمی ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صرف فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے ہی یہ کمی پوری ہوسکتی ہے، وزارت داخلہ نے کہاکہ سول، آرمڈفورسزاسٹیٹک ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں ہوں گی، وزارت داخلہ کے مطابق فوج سرحدوں، اندرونی سکیورٹی، اہم تنصیبات کے تحفظ، غیرملکیوں کی سکیورٹی پرمامورہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا کہ سیاسی رہنما دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پرہیں، سیاسی رہنماؤں کو الیکشن مہم میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وزارت خزانہ کے مطابق ملک میں مالی معاشی بحران ہے،آئی ایم ایف کی شرائط ہیں، حکومت کے لیے کے پی، پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا، حکومت کے لیے قومی اسمبلی، سندھ، بلوچستان کے انتخابات کیلئے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا، خراب معاشی صورت حال کے باعث فنڈ فراہمی مشکل ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا الیکشن شیڈول واپس لے لیا اور صدر مملکت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔