امریکا و کینیڈا میں بھی آج پہلا روزہ

23 مارچ ، 2023

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکا و کینیڈا میں ماہ شعبان کے 29؍ دن مکمل ہونے پر ر ویت ہلال پر عمل کرنے والی بعض مسلم تنظیموں نے چاند دیکھنے کیلئے اپنے اجلاس منعقد کئے لیکن کہیں سے چاند نظر آنے کی شہادت سامنے نہیں آئی اور تمام عقائد اور مکتبہ فکر کے مسلمانوں نے ماہ شعبان کے 30؍ روز مکمل ہو نے پر متفقہ طور پر 23؍ مارچ کو پہلا روزہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چاند کی گردش اور فلکیاتی امور کے ماہرین پہلے ہی 21؍ مارچ کو چاند نظر نہ آنے کی پیشگوئی کرچکے تھے جبکہ مسلم کیلنڈر پر عمل کرنے والی تنظیموں نے پہلے ہی 23؍ مارچ کو پہلے روزہ کا اعلان کر رکھا تھا۔ ادھر کینیڈا میں بھی تمام مکتبہ فکر کی مسلمان تنظیموں نے 22؍ مارچ کو تراویح ادا کرکے 23؍ مارچ کو پہلا روزہ رکھا ۔ مساجد اور اسلامک سینٹرز میں نماز تراویح کے انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ نیویارک میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اپنی حدود میں واقع مساجد اور اسلامک سینٹرز پر پولیس آفیسرزکی ڈیوٹیوں کے ذریعے اضافی سیکورٹی اور تحفظ کے انتظامات کئے ہیں اور عبادات کیلئے آنے والوں کیلئے مخصوص اوقات پارکنگ کے قوانین میں بھی رعایت دی ہے۔