آج پہلی بار یوم پاکستان پریڈ کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹے ہو گا

23 مارچ ، 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ آج ملکی تاریخ میں نسبتاً کم دورانئے پر انعقاد پذیر ہو گی‘ جسے چار گھنٹے کی بجائے ڈیڑھ گھنٹے تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تقریب کا باضابطہ آغاز قومی ترانے کی دل آویز دھنوں کے بعد تلاوت کلام پاک سے ہو گا۔ اڑھائی سو مہمانوں کو 8بجے صبح اپنی نشستیں سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے‘ مہمانوں کو اپنے ساتھ الیکٹرانک آلات‘ بیگ‘ بریف کیس نہ لانے کی استدعا کی گئی ہے۔ 9بجے صبح سے شروع ہو کر ڈیڑھ گھنٹے میں ساڑھے 10بجے تقریب کا اختتام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے فروری میں ملک کی کمزور مالی پوزیشن کے پیش نظر تمام سول و عسکری اداروں سے کفایت شعاری‘ اخراجات میں کمی کی اپیل کی تھی جس پر مسلح افواج کے سربراہان نے لبیک کہتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ انشاء اللہ ملکی معیشت جوں جوں مستحکم ہو گی یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ اسی روایتی تناسب سے کیا کرینگے لیکن اس سال قوم کی مشکل گھڑی میں مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہونگی۔ 23مارچ 1940ء کو منٹو پارک لاہور میں مشرقی پاکستان سمیت ہندوستان کے تمام خطوں کے مسلح لیگی زعماء نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں مفکر پاکستان علامہ اقبال کے نظریئے کے مطابق جو قرارداد منظور کی تھی اُس قرارداد کی 83ویں سالگرہ کے موقع پر آج 23مارچ 2023ء کو یوم پاکستان کے حوالے سے مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ایوان صدر کے سامنے کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اگرچہ ماضی میں یوم پاکستان کے موقع پر تینوں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں پاکستان ائرفورس کے جنگی طیاروں کے مارچ پاسٹ میں درجنوں طیارے فارمیشن میں سلامی کے چپوترے کے سامنے سے گزرا کرتے تھے لیکن آج ایک ایف16طیارے کی قیادت میں چار جے ایف 17تھنڈر طیاروں کی فارمیشن سلامی کے چپوترے کے سامنے سے گزرے گی۔ جے ایف 17تھنڈر پاکستان اور اسکے ہر اچھے برے اور آزمائش میں اترنے والے دوست ملک چین کی مشترکہ دفاعی حکمت عملی کے تحت پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ اور چین میں بھی تیار کئے جا رہے ہیں‘ آج کی پریڈ میں شامل ہونگے۔ آج کی پریڈ میں ماضی کی طرح کئی ہزار مہمانوں حتیٰ کہ انکی بیگمات‘ بچوں تک کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے البتہ اس میں ملک کے آئینی عہدیداروں سینئر عدلیہ کے جج صاحبان‘ چیف الیکشن کمشنر‘ وزراء‘ اراکین پارلیمنٹ‘ اسلام آباد میں تعینات غیرملکی سفیروں اور اُنکے ملٹری اتاشیوں کو دعوت نامے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ اس تقریب میں سب سے آگے تینوں مسلح افواج کا مشترکہ فوجی بینڈ پہلے قومی خزانہ کی دل آویز دھنیں بجائے گا جس کے بعد چاروں صوبوں کی علاقائی موسیقی کا مظاہرہ ہو گا۔ زبان زد عام ملی نغموں کی دھنیں بجاتا ہوا گزرنے گا۔ یوم پاکستان کی مسلح افواج کی پریڈ کے سب سے پہلے پاکستان آرمی کا چاک و چوبند دستہ ہو گا۔ اسکے ساتھ پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ کا دستہ اللہ ہو‘اللہ ہو کی دل کو گرما دینے والی صدائیں مخصوص آواز میںجمپ کرتا ہوا آئیگا۔ اسکے ساتھ پاکستان نیوی‘ پاکستان ائرفورس‘ پاکستان رینجرز‘ فرنٹیر کانسٹیبلری‘ پولیس کے دستے سلامی کے چپوترے کے سامنے سے گزریں گے۔ پاکستان کی آج مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ سے صدر مملکت جو کہ مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں پریڈ سے خطاب کرینگے۔ انکی تقریر کا دورانیہ ماضی کی طرح نصف گھنٹہ یا پونا گھنٹہ نہیں ہو گا بلکہ صدارتی خطاب بھی دس بارہ منٹ سے زیادہ کا نہیں رکھا گیا ہے۔ پریڈ سے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر صدر سید عارف حسین علوی‘ وزیراعظم محمد شہباز شریف‘جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا‘سپہ سالار پاکستان جنرل عاصم منیر‘ پاکستان کے امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی‘ پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل ظہیر الدین بابر سدھو قومی پرچم کو سلیوٹ پیش کرینگے۔ پریڈ میں حصہ لینے والے فوجی دستوں اور بینڈ نے بدھ کو فل ڈریس ریہرسل ڈی چوک کے سامنے واقع سابقہ پریڈ گرائونڈ میں کر لی ہے۔ کفایت شعاری کی جو درخواست وزیراعظم شہباز شریف نے کی تھی اس کو ملحوظ رکھتے ہوئے پاکستان فضائیہ کے یوم پاکستان پریڈ میں فلائی پاسٹ میں حصہ لینے والے طیاروں کی تین چار پانچ سات دنوں کی بجائے صرف ایک دن کی ریہرسل کی گئی ہے تاکہ ایندھن بچے۔ یہ ریہرسل بھی تین دن پہلے ہوئی تھی۔ آج 23مارچ کو اگر موسم سازگار رہا تو اُس صورت میں پاکستان ائرفورس کے طیاروں کا فلائی پاسٹ ہو گا۔ اسکے علاوہ فضائیہ کے طیارے جنگی کرتب دکھائیں گے۔ ادہر لاہور میں مزار اقبال پر آج صبح ساڑھے 7بجے گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی۔