عمران ڈرامے کررہا ہے، یہ خود چار پانچ پولیس والوں کو مروائے گا، وزیر دفاع

23 مارچ ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ زلمے خلیل زاد کا دعویٰ غلط ہے حکومت تحریک انصاف پر پابندی نہیں لگارہی، عمران خان ڈرامے کررہا ہے خود چار پانچ پولیس والوں کو مروائے گا، عمران خان خون خرابہ کر کے ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتا ہے، عمران خان ان لوگوں کا بندہ ہے جو پاکستان کی تباہی چاہتے ہیں، اسی لیے باہر سے عمران خان کے حق میں بیانات آرہے ہیں، فلسطین اور کشمیر میں ظلم پر زلمے خلیل زاد جیسے لوگوں کا ضمیر کیوں نہیں جاگتا،حکومت اور اپوزیشن میں نہیں گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ ہونا چاہئے، گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ میں 2018ء سے بات ہونی چاہئے جہاں سے فوج نے مداخلت کی۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ زلمے خلیل زاد کا دعویٰ غلط ہے حکومت تحریک انصاف پر پابندی نہیں لگارہی، زلمے خلیل زاد کو پاکستان کی صورتحال کا اندازہ نہیں ہے اسے یہاں سے فیڈ کیا جارہا ہے، عمران خان ڈرامے کررہا ہے خود چار پانچ پولیس والوں کو مروائے گا، عمران خان خون خرابہ کر کے ملک میں انارکی اور افراتفری پیدا کرنا چاہتا ہے، عمران خان کا امپورٹڈ حکومت کا نعرہ بھی ایک فراڈ تھا، انہیں صرف پاکستان میں تشدد نظر آتا ہے کشمیر اور فلسطین میں ان کے ضمیر کیوں نہیں جاگتے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان ان لوگوں کا بندہ ہے جو پاکستان کی تباہی چاہتے ہیں، عمران خان ان کا اسپانسرڈ ہے ان کے ضمیر صرف اسی کیلئے جاگتے ہیں، شاہ محمود قریشی وزیرخارجہ تھے تب انہوں نے بھی زلمے خلیل زاد کی مذمت کی تھی، میں نے امریکا جاکر ان لوگوں کیخلاف بات کی جو پاکستان کے مفاد کیخلاف بولتے ہیں، پاکستان اور اسلام دشمن لوگ عمران خان کی حمایت کررہے ہیں، پہلی مرتبہ موجودہ اتحادی حکومت نے میرٹ پر آرمی چیف کی تقرری کی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ افواج کی اولین ڈیوٹی بیرونی دشمنوں سے ملک کا دفاع کرنا ہے، موجودہ حالات میں افواج الیکشن ڈیوٹی کرنے سے قاصر ہیں، ہم امپورٹڈ حکومت نہیں میڈان پاکستان حکومت ہیں، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی دور میں لوگوں نے اربوں روپے کٹوں اور چوزوں کی اسکیم میں حاصل کیے ہیں، ہماری جنگ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں مہنگائی اور معاشی حالات کے ساتھ ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میں نے جن دو گالف کلبوں کی بات کی وہ لاہور جیمخانہ اور اسلام آباد کلب ہیں، ان کلبوں کا ہر رکن لاکھوں روپے چندہ دیتا ہے مگر یہ کلب حکومت کو کیا دیتے ہیں، پنجاب حکومت کو پچیس کروڑ روپے دے کر پانی پمپ کیا جاتا ہے جسے بوتلوں میں بھر کر چالیس پچاس ارب میں بیچا جاتا ہے، سب سے بڑے اور پرانے اسمگلرز ٹریڈ باڈیز کے سربراہ بنے ہوئے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ صرف حکومت اور اپوزیشن میں نہیں بلکہ گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ ہونا چاہئے،ایشو صرف سیاستدانوں کا نہیں ہے عدلیہ، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ بھی شامل ہے، گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ میں 2018ء سے بات ہونی چاہئے جہاں سے فوج نے مداخلت کی، اس وقت سلیکٹرز ایک شخص کو سلیکٹ کر کے اقتدار میں لائے، میں کسی شخصیت کا نام نہیں لے رہانہ میں کہتا ہوں کسی کو سزا دیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی سے کیا بات کروں انہوں نے میری سیاسی زندگی میں چار پارٹیاں بدلی ہیں، پاکستان کی سوویت یونین کے ساتھ کوئی جنگ نہیں تھی افغانستان میں امریکا کی جنگ لڑی تھی، ثاقب نثار اور خواجہ طارق رحیم نے آڈیو میں جو زبان استعمال کی کیا وہ انہیں زیب دیتی ہے، محمد خان بھٹی کی ویڈیو کی فارنزک ہونی چاہئے،عمران خان کبھی امریکا کا چمچہ بن جاتا ہے کبھی مخالف بات کرتا ہے۔